ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوستان پہنچا کرونا وائرس ، کیرالہ میں پہلے کیس کی تصدیق

ہندوستان پہنچا کرونا وائرس ، کیرالہ میں پہلے کیس کی تصدیق

Fri, 31 Jan 2020 01:11:55    S.O. News Service

تھروانتا پورم ،30/جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی حکومت نے نوول کرونا وائرس کے پیش نظر 15 جنوری کے بعد چین سے آئے ہر شخص کے صحت کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے ۔ ساتھ ہی لوگوں سے کہا ہے کہ وہ چین کے دورے سے آنے کے بعد 14 دن تک اپنے گھر میں ہی رہیں۔ کابینہ سیکرٹری کی صدارت میں کرونا وائرس کے سلسلے میں آج ہوئی اعلی سطحی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا ہے۔ یہ احتیاطی قدم ملک میں اس مہلک وبا کے پہلے معاملے کی تصدیق کے بعد اٹھائے گئے ہیں ۔ کیرالہ کی ایک طالب علم کے نمونوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ وہ چین کے ووہان یونیورسٹی میں پڑھتی ہے جہاں اس وائرس کا خطرہ سب سے زیادہ ہے۔

مرکزی وزارت صحت نے آج کی میٹنگ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ 15 جنوری کے بعد سے چین سے ملک آئے ہر شخص کی جانچ کی جائے گی ۔ کابینہ سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ چین سے آنے کے بعد کم از کم 14 دن تک گھر میں ہی رہیں ، کیونکہ اس وائرس کی علامات انفیکشن کے بعد فوری طور پر سامنے نہیں آتی ۔ کروناوائرس سے جو بیماری پیدا ہوتی ہے، وہ عام زکام سے لے کر زیادہ شدید بیماریوں تک ہوتی ہے، مثلا میڈل ایسٹ رسپیریٹری سنڈروم(ایم ای آر ایس-سی او وی) اور سیویئر ایکیوٹ رسپیریٹری سنڈروم(ایس اے آر ایس-سی او وی)۔

چین میں پھنسے میڈیکل کے طالب علموں کی ہندستان واپس لائے جانے کی اپیل: ادھر مدھیہ پردیش کے كھرگون ضلع کے دو طالب علموں نے کرونا وائرس سے متاثر چین کے شہر شیان میں اپنے زیر تعلیم رہنے کا حوالہ دیتے ہوئے ویڈیو پیغام کے توسط سے ہندوستان واپس لائے جانے کی اپیل کی ہے۔ كھرگون کے شبھم گپتا اور گوگاوا کے عبدالمتین خان نے کل ویڈیو کالنگ کے ذریعہ جاری ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ گزشتہ 2 برسوں سے چین کے ہوبیئی یونیورسٹی آف میڈیسن کے تحت شيان شہر میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ چین میں کرونا وائرس انفیکشن کے سبب انہیں جلد از جلد ہندوستان واپس لایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں کرونا وبا کے پھیلنے کے بعد سے مارکیٹ بند ہونے کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء کی دقت ہو رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ پانی بھی مہیا نہیں ہو پا رہا ہے۔ انہیں انفیکشن سے بچانے کیلئے ہاسٹل کے کمرے سے باہر نہیں جانے دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے کمرے کے اندر ماسک لگا کر رہ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے کالج کے نزدیک اسپتال میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد تقریبا 80 ہو چکی ہے اور اس کے پیش نظر انہوں نے ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ کرکےہندوستان واپس آنے کی اپیل کی ہے۔


Share: